چین میں دنیا کا سب سے بڑا فلکیاتی میوزیم قائم
شنگھائی:
چین میں دنیا کے سب سے بڑے اور خوبصورت ڈیزائن کے حامل فلکیاتی میوزیم کا افتتاح کردیاگیاہے۔ اس کا بیرونی ڈیزائن پیچیدہ خمیدہ اشکال میں ڈھالاد گیا ہے جو کائناتی جیومیٹری کو ظاہر کرتاہے۔ مرکزی عمارت کو اوپر سے دیکھا جائے تو لگتا ہے کہ اوپر تلے تین دائرہ نما ساختیں موجود ہیں ۔یہ ڈیزائن سیاروں اور ان کے مدار کو ظاہر کرتاہے۔
میوزیم کل 420,000 مربع فٹ پر پھیلا ہوا ہے جس میں کئی کمروں پر مشتمل نمائشی ، ڈسپلے، سیارہ گاہ (پلانیٹیریئم)، ایک رصدگاہ اور 78 فٹ بلند شمسی دوربین بھی نصب ہے۔ اس کا ڈیزائن امریکی فرم نے بنایا ہے جسے 2014 کا ڈیزائن ایوارڈ بھی مل چکا ہے۔ اس طرح یہ عمارت مکمل طور پرفلکیاتی تصورات کو واضح کرتی ہے۔
اس کے مرکزی دروازے میں روشنی کا ایک دائرہ ہے جو موسم اور دن کے وقت کو ظاہر کرتا ہے۔ اس میں روشنی فرش پرپڑتی ہے اور سارا دن ایک سے دوسرے مقام تک منتقل ہوتی رہتی ہے۔ اس طرح یہ ایک دھوپ گھڑی کا کام کرتی ہے۔
اس سے آگے پلانیٹیریئم کی مرکزی عمارت ہے۔ اس کا ڈیزائن چاند کی طرح گول ہے اور یوں لگتا ہے کہ جیسے چاند طلوع ہورہا ہے۔ اس کے نیچے بے وزنی دکھائی گئی ہے جس کے نیچے سے لوگ گزرسکتےہیں۔ اس کے آگے شیشے سے بنا الٹا گنبد ہے جہاں رات کو بیٹھ کر آسمان کا نظارہ کیا جاسکتا ہے۔
0 Comments