فیس بک میسنجر میں ’آواز ایموجی‘ کا اضافہ
سان فرانسسكو:
عالمی یومِ ایموجی پر(فیس بک) میسنجر نے ساؤنڈ ایموجی پیش کئے ہیں جو اپنی تصویر کے ساتھ ساتھ آواز بھی خارج کرتے ہیں اور اب آپ ایموجی کے صوتی تاثرات سے بھی لطف اندوز ہوسکتے ہیں۔
اس طرح جب جب آپ کو چیٹ میں کوئی ساؤنڈ ایموجی بھیجے گا اسی وقت آپ اس کی آواز سن سکیں گے۔ فی الحال تالیاں بجانے کے ساتھ ساتھ ، جھینگر، ڈھول اور خوفناک قہقہوں کی آواز والے صوتی ایموجی شامل ہیں جن میں مزید اضافہ کیا جائے گا۔ اس کے علاوہ مشہور فنکاروں اور اداکاروں کے آڈیوکلپس شامل ہیں جن میں ریبیکا بلیک، یونیورسل پکچرزاور دیگر اداروں کی آوازیں اور ڈائیلاگ شامل ہیں۔
فیس بک کے مطابق صرف میسنجر پر روزانہ ڈھائی ارب پیغامات بھیجے جاتے ہیں۔ اس لیے صوتی ایموجی کی اہمیت واضح ہوجاتی ہے۔ دوسری جانب لوگوں کی بڑی تعداد صوتی احساسات میں دلچسپی لیتی ہے۔ اس طرح 88 فیصد ٹک ٹاکر کہتے ہیں کہ وہ ویڈیو کے ساتھ آواز سننا پسند کرتے ہیں۔
فیس بک پرامید ہے کہ اس طرح میسنجر کی مقبولیت بڑھے گی اور ایپ کا یہ آپشن مشہور ہوگا۔ لوگ چیٹنگ کے درمیان اپنی آواز بھی بھیج سکیں گے۔ اس طرح اشتہاراتی سرگرمیوں کو بھی فروغ ملے گا۔ یوں ساؤنڈ ایموجی کو مارکیٹنگ میں استعمال کیا جاسکتا ہے۔
اسے استعمال کرنا بہت آسان ہے۔ ساؤنڈ ایموجی کے لیے اسمائلی چہرے پر چھوئیں جس کے بعد ایک ڈراپ ڈاؤم مینو کھل جائے گا۔ اس میں سے آپ لاؤڈ اسپیکر کا آئکن منتخب کریں اور اس بنا پر ساؤنڈ ایموجی اسٹیکرز استعمال کئے جاسکتے ہیں۔
فیس بک نے کہا ہے کہ اس کی ساؤنڈ لائبریری میں مسلسل اضافہ ہوتا رہے گا۔
0 Comments